دمشق،30؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)امریکی حمایت یافتہ شامی باغیوں کے گروپ سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے خود ساختہ دارالخلافہ الرقہ سے فرار کے آخری راستے پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اب جہادیوں کے لیے راہ فرار تقریباً ناممکن ہو کر رہ گیا ہے۔ الرقہ پر قبضے کی مہم میں پیش پیش سیرین ڈیموکریٹک فورسز کو مسلسل خودکش حملہ آوروں کا سامنا ہے اور اِس باعث اُن کی پیش قدمی قدرے سست ہو کر رہ گئی ہے۔ ایس ڈی ایف کے باغیوں کو امریکی جنگی طیاروں کی مدد بھی حاصل ہے۔ مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری کے مطابق امریکی حمایت یافتہ باغیوں نے جہادیوں کو پسپائی پر مجبور کر رکھا ہے۔